لکھنؤ، 12/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آل انڈیا ریلوے مینس فیڈریشن (اے آئی آر ایف)کے جنرل سکریٹری شیو گوپال مشرا نے جمعرات کو کہا کہ ریلوے کے 5.6لاکھ نوجوان ملازمین کی پرانی پنشن بحال نہیں ہو رہی ہے۔مرکزی حکومت کی وعدہ خلافی کی وجہ سے ایک بار پھر ریلوے ملازم تحریک چلائیں گے۔مشرا نے ڈی آرایم آفس میں منعقد یوتھ کانفرنس میں کہا کہ کانپور کے پاس حال ہی میں ہوئے دو بڑے ریل حادثوں نے ریلوے کی شبیہ کو نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حادثے کی اہم وجہ سیفٹی کوٹی میں خالی پڑے عہدوں کو بھرنے میں لاپرواہی، پٹریوں کی دیکھ بھال کے لیے بلاک نہ دئیے جانے اور ریلوے میں ناقص سامان کی فراہمی ہے۔اس کے باوجود ریلوے نجکاری کی جانب قدم بڑھا رہا ہے اور ان کمزوریوں کی جانب توجہ نہیں دے رہا ہے۔جنرل سکریٹری نے کہا کہ ریلوے ملازمین کو گزشتہ سال ہڑتال کے نوٹس کے بعد جو وقت دیا گیا تھا، اس کی میعاد مکمل ہو گئی ہے۔نئی پنشن اسکیم کے لیے بنی کمیٹی کی مدت 31/جنوری کو ختم ہو رہی ہے، لیکن وزارت خزانہ کے ساتھ ایک بار بھی میٹنگ نہیں ہو سکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اے آئی آرایف کی 15اور 16/جنوری کو نئی دہلی میں اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ ہوگی۔اگلے دن 17/جنوری کو مشترکہ کونسل کی میٹنگ ہوگی، جس میں آئندہ تحریک اور ہڑتال کی سمت طے کرکے ا س کے بارے میں مرکزی حکومت کونوٹس بھیجا جائے گا۔اس موقع پر شمالی ریلوے مینس یونین کے ڈویزنل وزیر آر پانڈے، منوج شریواستو اور گھنشیام پانڈے سمیت کئی عہدیدار اور ملازم موجود تھے۔